شندورپولو فیسٹیول چترال کی فتح،کثیر تعداد میں غیر ملکی سیاحوں کی شرکت

66755641_1983055285132309_7728478471566917632_n.jpg

سیدرسول بیٹنی

چترال:ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام شندور میں منعقد ہونے والا شندور پولو فیسٹیول چترال کی فتح کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوگیا، فائنل میچ میں چترا ل کی ٹیم نے گلگت بلتستان کو 5گول کے مقابلے میں 6گولز سے شکست دی، اختتامی تقریب کے مہما ن خصوصی کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمودتھے، ان کے ہمراہ سینئر وزیر سیاحت عاطف خان،ممبرقومی اسمبلی وزیر زادہ، آئی جی ایف سی، کمشنر ملاکنڈ ریاض محسود، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا جنید خان، گلگت بلتستان کے عہدیداران، چترال سکاؤٹس، چترال پولیس اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں.

ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخواکے زیراہتمام،فرنٹیر کور اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے 7 جولائی سے چترال کے علاقے شندور میں شروع ہونے والا تاریخی شندور پولو فیسٹیول کا فائنل گزشتہ روز کھیلا گیا جس میں گلگت بلتستان اور چترال اے کی ٹیموں نے حصہ لیا، چترال کی ٹیم نے گلگت کو 5گول کے مقابلے میں 6گول سے شکست دی،میچ کے پہلے ہاف میں چترال کے5 اورگلگت بلتستان کے 2گول تھے جبکہ دوسرے ہاف میں سخت مقابلے کے بعد چترال نے کامیابی حاصل کی، چترال ٹیم کے شادی خان نے میچ میں 3گول سکور کئے اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

 

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر کھیل و سیاحت کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیںجو کہ ماضی میں اس سیکٹر کی جانب توجہ نہیں دی گئی۔

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا حکومت نے فیڈرل گورنمنٹ کے تعاون سے سیاحت کے فروغ کیلئے 5.5 بلین روپے رکھے ہیں جس سے خیبرپختونخوا میں مختلف سطح پر سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور صرف عید کے دنوں میں 20 لاکھ سے زائد سیاحوں نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔

عاطف خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات میں شندور پولو فیسٹیول سرفہرست ہے کیونکہ یہ دنیا کے بلند ترین مقام پر کھیلا جاتا ہے۔

میچ سے قبل روایتی چترال اور گلگت بلتستان کا رقص، کیلاشی ڈانس، پیراگلائیڈنگ اور پیراٹروپر فرفارمنس نے میلہ لوٹ لیا،اس سے قبل موسیقی محفل اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا گیا، یاد رہے کہ شندور پولو فیسٹیول 1936 سے باقاعدگی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

scroll to top