پشاور عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ نالائق اور کرپٹ حکومت نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے۔ غریب عوام میں جینے کی قوت ختم کردی گئی ہے جبکہ نااہل اور نالائق حکومتیں اقتدار کے نشے میں مدہوش ہوگئے ہیں۔
باچاخان مرکز سے جاری کردہ ایک بیان میں سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ حکومتوں کا ایک سال مکمل ہونے کو ہے لیکن عوام کے مشکلات اور مسائل میں کمی کے بجائے کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ حکومتوں نے ہر شعبے کو تجربہ گاہ بنادیا ہے۔ بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے اور آئے روز عوام سے پیسہ بٹورنے کے نئے نئے تراکیب سوچے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کرپشن کا بازار گرم ہے، چھوٹے اور بڑے کاروباری طبقے پریشان ہیں۔زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگ مایوس اور تکلیف میں ہیں۔ بدترین معاشی اور اقتصادی حالات نے لوگوں کو ذہنی مریض بنادیا ہے۔
سردارحسین بابک کا مزید کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار کے سونامی نے عوام کو دن میں تارے دکھادئیے ہیں۔ ورغلائے ہوئے نوجوانوں اور غریب عوام کا سامنا نہیں کرسکتے۔ کسی ادارے کو آزادانہ کام کرنے نہیں دیا جارہا۔ حق اور سچ کے علمبرداروں کو خواہ اس کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو، دبانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کو کمزور اور بدنام کیا جارہا ہے۔ جمہوریت کو کمزور اور عوام کی حکمرانی کو بدنام اور کمزور کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا جارہا۔
شیئر کریں