ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے حلال فوڈ اتھارٹی کے ٹیم کی طرف سے ڈیرہ اسماعیل خان شہر کے علاقے گھاس منڈی میں مضر صحت سرخ مرچیں تیارکرنے والے کارخانے پرچھاپہ ماراگیا جہاں ایک ہزارکلو سرخ مرچیں برآمد ہوئی جس کی بنیاد پر کارخانہ سیل کردیاگیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹرحلال فوڈ اتھارٹی اشتیاق مروت کی ہدایت پرحلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ڈیرہ شہر کے علاقے گھاس منڈی میں قائم سرخ مرچیں تیارکرنے والے کارخانے پر چھاپہ مارا،جہاں سرخ مرچیں تیارکی جارہی تھیں۔
فوڈ اتھارٹی ٹیم نے مضر صحت سرخ مرچیں تیارکرنے اورلائسنس نہ ہونے پرکارخانے کو سیل کردیا۔ اس موقع پر کارخانے کے مالک محمداقبال ولد نورمحمدسکنہ ڈیرہ بھی موجودتھے۔
ڈپٹی ڈائریکٹراشتیا ق مروت نے میڈیا کو بتایاکہ کارخانے میں مضرصحت سرخ مرچیں تیارہورہی تھیں۔ کارخانے کوسیل کیاگیاہے تاہم مکمل رپورٹ آنے کے بعدکارخانے کے مالک کوجرمانہ بھی عائد کیاجائے گا۔ انہوں نے کاہ کہ حلال فوڈ اتھارٹی لوگوں کوحفظان صحت کے مطابق اشیاء کی فروخت کویقینی بنائے گی۔