پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ملک بالخصوص خیبر پختونکوا میں مایوسی کی کیفیت ہے اور حکمرانوں کی طرف سے آئے روز مہنگائی کے تحفے دیئے جا رہے ہیں ، حکومت کے قلیل عرصہ میں عوام کی چیخ و پکار عروج پر ہے جو حکمرانوں کے کانوں تک نہیں پہنچ پاتی،
باچاخان مرکز پشاور سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو آئی سی یو سے نکالنے کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے اس سے مرض کم ہونے کی بجائے مزید بڑھ رہا ہے اور پورے ملک میں ہیجان کی کیفیت ہے جو نقصان دہ ہے ۔
انہوں نے نے کہا کہ اے این پی موجودہ مہنگائی کے خلاف جلد اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرائے گی اور عوام کو زندہ درگور کرنے کی پالیسیوں کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے سونامی سے غریب عوام کو دن میں تارے نظر آنے لگے ہیں ،اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے
سردار حسین بابک نے کہا کہ حکومت کرنا امپائر کی انگلی پر ناچنے سے زیادہ مشکل کام ہے اور عمران خان کو اب حقیقت کا ادراک ہو چکا ہو گا،انہوں نے کہا کہ جمہوریت دشمن قوتوں کو اپنے کئے پر نادم ہوکر22کروڑ عوام سے معافی مانگنی چاہئے جنہوں نے مسلط وزیر اعظم کے ذریعے نہ صرف ملک کو کمزور کر دیا ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملکی تشخص بھی داو پر لگا دیا ہے۔
سردار بابک نے کہا کہ بے روزگاری اور بد امنی نے عوام کو فاقہ کشی اور خود کشیوں پر مجبور کر دیا ہے اُنکا کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے دھرنے میں سب سے زیادہ ناچنے والے ہی آج نیازی حکومت کو گالیوں سے نواز رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والوں خصوصاً شعراءکو اس نازک صورتحال میں مہنگائی کے خلاف آواز اتھانی چاہئے ،تاکہ نااہل حکمرانوں کو عوام دشمن فیصلے واپس لینے پر مجبور کیا جا سکے۔