صحت مند معاشرے کے لئے کھیلوں کی ترقی وترویج انتہائی اہم ہے،کامران بنگش

ae289d21-9da0-4c71-bdc1-2c9fe7b6eb4d.jpg

پشاور: وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہےکہ کھیل کود کا فروغ اور نوجوانوں کو اس کے مواقع فراہم کرنا انہیں معاشرے میں بری سرگرمیوں سے بچانے کا اہم ذریعہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج قیوم اسٹیڈیم پشاور میں دینی مدارس کے طلبہ اور برادری کے نوجوانوں کے مابین کھیلے جانے والے فٹبال لیگ کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے کے بعد اپنے خطاب کے دوران کیا ۔

فٹبال لیگ میں چار ٹیموں نے حصہ لیا جن میں اقلیتی برادری اور دینی مدارس کے طلبہ کی ٹیمیں شامل تھیں جبکہ ٹیموں میں صوبے اور قبائلی اضلاع کے کھلاڑی شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے کھیلوں کی ترقی وترویج انتہائی ضروری ہے اور اقلیتی برادری کے نوجوانوں اور دینی مدارس کے طلبہ کے مابین کھیلوں کے انعقاد سے ہمارا مثبت تشخص سامنے آئے گا جبکہ بیرونی دنیا کو ہماری اعتدال پسندی، رواداری اور اتحاد کا ایک مثبت امیج پیش کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا تھا کہ مذکورہ فٹبال لیگ اپنی نوعیت کی پہلی لیگ ہے جس میں دینی مدارس کے طلبہ اور اقلیتی برادری کے نوجوانوں کو کھیلوں کے مواقع فراہم کیے گئے ہیں اور اس سے نیا ٹیلنٹ سامنے ابھر کر آئے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری تصویر کشی فرقہ واریت اور مذہبی علیحدگی پسندی کے طور پر پیش کی گئی ہے حالانکہ یہ تاثر بلکل غلط ہے اور ہمارے ملک میں اقلیتوں کے ساتھ رواداری اور پیار محبت کا رشتہ استوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس لیگ کے ذریعے ہماری یکجہتی اور محبت کا پیغام دیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top