گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ سے علاقے میں ترقی آئیگی،کمشنر ڈیرہ

f79f9bb3-8878-429f-b24f-68ccd7093c50.jpg

ڈیرہ اسماعیل خان: کمشنر ڈیرہ جاوید خان مروت نے کہا ہے کہ گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ ترقی کا ایک میگا پراجیکٹ ہے جس کی تکمیل سے ڈیرہ اور ٹانک کے اضلاع میں خوشحالی اور ترقی کی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز اپنے دفتر میں گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا ڈولپمنٹ پراجیکٹ سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں رکن قومی اسمبلی و پارلیمنٹری سیکرٹری برائے اکنامک افیئرز شیخ یعقوب کے علاوہ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ، ایس ای گومل گومل زام ڈیم، ایکیسن گومل زام ڈیم، اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل، ریوینیو کے علاوہ گومل زام ڈیم کمانڈایریا کے انجینئرز، علاقے کے زمینداروں، کاشتکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ 4 ارب روپے کی مالیت سے مکمل ہونے والے پراجیکٹ کی تکمیل سے 191ہزار کنال کا رقبہ سیراب ہو رہا ہے تقریباً تمام واٹر کورسز، ڈسٹریز اور موگہ جات پر کام مکمل ہو چکا ہے جو باقی ہیں وہ بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے پراجیکٹ میں پائی جانے والی خامیوں اور نقائص کو دور کرنے اور ان کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا ازالہ کرنے کیلئے پیشہ ورانہ مہارت سے کام لے رہے ہیں۔

اجلاس سے  خطاب کرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ نے کہا کہ گومل زام ڈیم کے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور کمانڈ ایریا پراجیکٹ کی بلا تاخیر تکمیل کیلئے موثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا جائے۔ انہوں نے پراجیکٹ بروقت مکمل نہ ہونے پر تمام متعلقہ محکموں خصوصاً پراجیکٹ ڈائریکٹر کی سرزنش کی۔

پراجیکٹ کی تکمیل بروقت نہ کرنے اور اس میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کرنے پر زور دیا۔ سوشل موبلائزیشن کے نظام کو تیز کرنے اور علاقے کے زمینداروں اور کاشتکاروں میں شعور اجاگر کرنے کی بھی تاکید کی۔

ممبر قومی اسمبلی و پارلیمنٹری سیکرٹری برائے اکنامک افیئرز شیخ یعقوب نے اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گومل زام ڈیم علاقہ دامان کی ترقی و خوشحالی کا منصوبہ ہے ہم نے اپنے کسانوں اور زمینداروں کی پانی کی ضرورت پوری کرنے کیلئے دن رات محنت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا ڈیولپمنٹ پراجیکٹ سبز انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔ اس منصوبے میں اس وقت بے شمار خامیوں کے ازالے کی ضرورت ہے اس میں غفلت برتنے والوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت نے لوگوں کی زندگیوں میں خوشحالی لانے کا عزم کر رکھا ہے۔ گومل زام ڈیم کمانڈ ایریا پراجیکٹ کی تکمیل سے علاقے میں نہ صرف غربت کا خاتمہ ہو گا بلکہ ہم زرعی اجناس میں بھی خود کفیل ہو جائیں گے۔

انہوں نے اس پراجیکٹ سے متعلق محکموں کے سربراہان کو اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top