نوجوان نسل کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے،مشتاق غنی

63856ad7-788b-4bf5-bfae-6aa1adf2db9f.jpg

سلمہ بی بی

ایبٹ آباد: اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ہماری حکومت نے نوجوان نسل کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی آگے لانے کے لیے انقلابی اقدامات اٹھائے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ہماری نوجوان نسل منفی سرگرمیوں سے دور رہے اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے مشاغل سے نہ صرف طلباء و طالبات مثبت سرگرمیوں میں مشغول رہتے بلکہ ایک صحت مند زندگی کی طرف راغب ہوتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار بطور مہمانِ خصوصی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں کھیلوں کے مقابلوں کی تقسیم انعامات کی تقریب میں خطاب کے دوران کیا، انھوں نے اس موقع پر ایوب میڈیکل کالج کے طلباء کے لیے گراونڈ میں رات کے کرکٹ میچز کے لیے فلڈ لائیٹس کی انسٹالیشن کا اعلان بھی کیا۔

اسپیکر اسمبلی نے اس موقع پر ڈاکٹروں کے لیے خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ انتہائی اہم شعبہ ہے جس کا تعلق براہ راست انسانی زندگیوں سے ہوتا ہے اور ڈاکٹری کا پیشہ بہت مقدس ہے جس کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، انھوں نے کہا کہ اس پیشے سے منسلک لوگوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ لوگ ایک ڈاکٹر سے امیدیں وابستہ کیے ہوتے ہیں۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ ڈاکٹر اور سیاستدان کی زندگی میں چھٹی نہیں ہوتی اور جب آپ خدمت کے جذبے سے کوئی بھی کام کرتے تو اس کام میں برکت بھی ہوتی ہے اور سکونِ قلب بھی ملتا ہے۔ مشتاق احمد غنی نے مقابلوں میں جیتنے والے طلباء و طالبات میں انعامات تقسیم کیے اور ایک شاندار تقریب منقعد کروانے پر انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top