موجودہ حکومت نے غریب عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے،سکندر شیرپاؤ

P2.jpg

پشاور:قومی وطن پارٹی کے رہنما سابق سینئر صوبائی وزیرسکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اپنی ناقص معاشی پالیسیوں کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ، آئی ایم ایف کے ایما پر تیار کئے گئے حالیہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار اوراشیائے خور ونوش اوربجلی و گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے غریب عوام کی قوت خرید دم توڑ جائے گی۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کے روز  چارسدہ کے سپلمئی چیل یونین کونسل شوڈاگ میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے سرکردہ کارکنوں اور عہدیداروں عنایت اللہ خان مہمند،کامران خان ،جان گل،عدنان خان،عادل خان اور صداقت خان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائد آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سکندر شیرپاؤ نے کہا کہ حالیہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مختلف ٹیکسوں کی مد میں مزید بوجھ ڈالاجس کی بدولت ان کی زندگی اجیرن ہو جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالرکی قیمت میں اضافہ سے بیرونی قرضوں کا حجم اربوں روپے بڑھ گیاہے جس سے ملک کی معیشت پر مزید منفی اثرات مرتب ہوں گے جبکہ ماضی میں عمران خان نے ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی پر کافی شور شرابا مچایا لیکن وہ حالیہ اضافے پر بہانے تراش رہے ہیں جس سے ان کا دوغلا پن عیاں ہوگیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے حکومت کے عوام دشمن اقدامات اور مہنگائی کے خلاف عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے تاکہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کیا جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top