ڈاکٹر پر تشدد و ہڑتال ،اے این پی نے اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی

25594256_889358917890856_5631039040065263998_n-700x400.jpg

پشاور : عوامی نیشنل پارٹی نے ڈاکٹر ضیا الدین پر تشدد اور ڈاکٹر برادری کو درپیش مشکلات کے خلاف صوبائی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے، تحریک التوا صوبائی پارلیمانی لیڈر و جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے جمع کرائی جس میں سپیکر اسمبلی کی توجہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں منگل کے روز رونما ہونے والے واقعے کی جانب دلائی گئی ہے۔

صوبائی جنرل سیکرٹری نے کہا کہ مذکورہ واقعے کے خلاف صوبہ بھر میں ڈاکٹر برادری احتجاج پر ہے اور اپنی ذمہ داریوں کا بائیکاٹ کئے ہوئے ہے،انہوں نے کہا کہ تشدد کے واقعے اور MTI ایکٹ پر ڈاکٹر برادری کے تحفظات اور ان کی مشکلات دور کرنے کیلئے مل بیٹھ کر حل نکالنے کی ضرورت ہے۔

سردار بابک نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث صوبے کے غریب مریض رل گئے ہیں،تحریک التوا میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت کا اشتعال انگیز اور جارحانہ رویہ مسائل میں اضافے کا سبب ہے،ایک سینئر ڈاکٹر پر تشدد،ایم ٹی آئی ایکٹ کے ذریعے سینئر ترین ڈاکٹروں کے استعفے اور پھر صوبے کے اہل اور حقدار ڈاکٹروں کو پروموشن میں نظر انداز کرنا ان کی حق تلفی کرنا، اور اس کے ساتھ ان کی مشکلات و مسائل میں اضافے نے انہیں احتجاج و ہڑتالوں پر مجبور کیاہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا دھمکی آمیز رویہ،ڈاکٹروں کے انتقامی تبادلے اور ان کے جائز مطالبات کیلئے احتجاج کو دبانا مسئلے میں اضافے کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ حکومت کو پارلیمانی کمیٹی بنانی چاہئے تاکہ مسئلے کے حل کیلئے جنگی اور ہنگامی بنیادوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور صوبے کے عظیم تر مفاد میں کوئی حل نکالا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top